جامعہ سندھ سے ملحقہ پرائیویٹ کالجز میں امتحانی فارم کیلئے تاریخ کا اعلان

June 26, 2017

جام شورو(نامہ نگار) جامعہ سندھ جام شورو کے ناظم امتحانات (سمسٹر) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق جامعہ سے ملحقہ کالجز اور انسٹیٹیوٹس کے بی سی آئی ٹی، بی ایس آئی ٹی، بی ایس (سافٹ ویئر)، چار سالہ بی بی اے (آنرز) پروگرام اور ایم بی اے ایوننگ (6 سمسٹر پروگرام) کے دوسرے اور پانچویں سمسٹر (بیچ 2016-2017 اور 2017-2018 ) کے امتحانی فارم جمع کروانے کی تاریخ بغیر لیٹ فی کے 14 جولائی 2017ء مقرر کی گئی ہے، جبکہ 17 تا19 جولائی تک 5000 روپے لیٹ فی کے ساتھ امتحانی فارم جمع کروائے جا سکتے ہیں۔ دوسری جانب ایم اے، ایم ایس سی، ایم کام (پریویس و فائنل) پوسٹ گریجویٹ سال 2016ء کے امتحانات 16اگست 2017ء سے شروع ہونگے۔ اس ضمن میں جاری کردہ شیڈیول کے مطابق امتحانی فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 20 جولائی 2017ء مقرر کی گئی ہے جبکہ 21 تا 31 جولائی تک 1000 روپے لیٹ فی اور یکم اگست سے 7 اگست تک 2500 روپے لیٹ فی کے ساتھ فارم جمع کروائے جا سکتے ہیں۔ امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ کالجز کے پرنسپال آفس سے امتحانی فارم حاصل کریں۔