بیلجیئم، جرائم میں کمی، سائبر کرائم اور دہشت گردی میں اضافہ

June 28, 2017

بیلجیئم میں عمومی جرائم کی شرح میں کمی لیکن سائبر کرائم اور دہشت گردی میں اضافہ ہوگیاہے ۔

یہ بات وزارت داخلہ اور پولیس کی جانب سے سالانہ جرائم سے متعلق اعدادوشمار پر مشتمل ایک رپورٹ میں بتائی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق عمومی جرائم میں گزشتہ سال کے مقابلے میں مجموعی طور پر 5 اعشاریہ ایک فیصدکمی دیکھنے میں آئی ۔

رپورٹ کےمطابق کار چوری اور گھروں میں چوری کی وارداتوں میں بالترتیب 17 فیصد اور 12 فیصد بلخصوص کمی ہوئی۔

ماہرین اور پولیس ذرائع کے مطابق اس کمی کی ایک اہم وجہ سرکاری اور غیر سرکاری کیمروں اور گارڈز کی تعداد میں اضافہ ہے ۔

دوسری جانب بیلجیئم میں دہشت گردی کے کیسز میں 25 فیصد اضافہ ہواہے جہاں اس سال مقدمات کی تعداد بڑھ کر 732 ہو چکی ہے ۔اسے خاصہ بڑا اضافہ کہا جارہا ہے۔

اسی طرح سائبر کرائم سے متعلق درج کرائی گئی شکایات میں بھی 11 فیصد کا اضافہ ہواہے ۔

گذشتہ سال اس حوالے سے 20 ہزار شکایات درج کرائی گئیں ۔

سائبر کرائم کے ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ درج شدہ اعدادوشمار اس شعبے میں ہونے والے جرائم کا ایک بہت معمولی حصہ ہیں ۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ہیومن ٹریفکنگ میں بھی گزشتہ سالوں کے مقابلے میں ایک بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔