سندھ اسمبلی کی متفقہ قرارداد نظرانداز، میرپورخاص ضلع میں کھلونا پستول کا کاروبار کھلے عام جاری

June 29, 2017

میرپورخاص(نامہ نگار) میرپورخاص میں عیدالفطر کے موقع پر بڑے پیمانے پر کھلونا پستول کی خرید و فروخت ،ماہرین کے مطابق کھلونا اسلحہ کے استعمال سے بچوں میں منفی رحجان پیدا ہوتے ہیں۔اطلاعات کے مطابق سندھ کے منتخب نمائندوں اور عوامی حلقوں کے شدید تحفظات کے باوجود عید الفطر کے موقع پر میرپورخاص ضلع کے چھوٹے بڑے شہروں اور قصبات میں کھلونا پستول اور دیگر پلاسٹک ہتھیاروں کا بڑے پیمانے پر کھلے عام کاروبار جاری رہا اور بچوں میں خریداری کا شدت سے رحجان دیکھنے میں آیا اور معصوم بچے گھروں او رگلی محلوں میں مختلف نوعیت کے کھلونا اسلحہ اٹھائے کھیلتے نظر آئے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ کھلونا پستول اور دیگر کھلونا اسلحہ کے استعمال سے بچوں میں شدت سے پرتشددمنفی رحجان پر وان چڑھتے ہیں ۔واضح رہے کہ سندھ کے منتخب نمائندےبھی اس کاروبار کی مخالفت کرچکے ہیں اور اگست 2015 میں ایم کیو ایم کے ایک رکن کی جانب سے سندھ اسمبلی کے اجلاس میں پیش کی گئی قرار داد جس میں کھلونا پستول اور دیگر پلاسٹک ہتھیاروں کی تیاری ،درآمد اور فروخت پر مکمل پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھامتفقہ طور پر منظور ہوچکی ہے۔قرار داد میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ دنیا کہ مختلف ممالک میں کھلونا پستولوں اور گنوں پر پابندی عائد ہوچکی ہے، یہاں بھی اس پر پابندی عائد ہونا چا ئیے،اس سے بچوں میں منفی رحجان پیدا ہوتے ہیں۔