ٹیکسٹائل ملز کی بندش کا فیصلہ، روئی کی قیمتوں میں غیرمعمولی کمی، کاشتکاروں میںتشویش کی لہر

June 30, 2017

کراچی (اسٹاف رپورٹر)مقامی کاٹن مارکیٹ میں عیدالفطر کی تعطیلات کے بعد پہلے ہی روز روئی کی قیمتوںمیں ریکارڈ کمی۔روئی کی قیمتیں 250 سے350 روپے فی من مندی کے بعد6ہزار200 روپے فی من تک آگئی اس طرح ،صرف 2ہفتوں کے دوران روئی کی قیمتوں میں 800روپے فی من تک کمی ہو ئی ہے۔ زرعی ماہرین کے مطابق تقریبا 2 ہفتے جب پاکستان میں نئے کاٹن ایئر کا آغاز ہوا تھا تو نئی روئی کے سودوں کا آغاز7ہزار روپے فی من سے ہوا تھا اور توقع ظاہر کی جا رہی تھی کہ روئی کی قیمتوں میں مزید تیزی کا رجحان سامنے آئے گا جس سے کاشتکاروں کی فی ایکڑ آمدنی میں بھی اضافہ متوقع تھا مگر بین الاقوامی منڈیوں میں روئی کی قیمتوں میں غیر معمولی کمی اور پاکستان میں اپٹما کی جانب سے مطالبات کی منظوری نہ ہونے کے باعث ٹیکسٹائل ملز بند کرنے کے فیصلے کے باعث روئی کی قیمتوں میں غیر معمولی مندی کا رجحان سامنے آیا ہے جس سے پھٹی کی قیمتوں میں بھی ریکارڈ مندی کے باعث کاشت کاروں میں تشویش کی لہر دیکھی جا رہی ہے ۔