عبدالستار ایدھی انسانیت کے روشن مینار تھے ،پہلی برسی پر قرآن خوانی

July 10, 2017

سکھر (بیورو رپورٹ+نا مہ نگا ران ) سکھر دکھی انسانیت کے مددگار، بابائے خدمت ایدھی فاؤنڈیشن انٹرنیشنل کے بانی عبدالستار ایدھی کی پہلی برسی کے موقع پر ایدھی سینٹر سکھر میں قرآن خوانی اور دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں عرس مگسی، گل مہر، نسرین شاہ، عبدالجبار و دیگر نے شرکت کی۔ مقررین نے عبدالستار ایدھی کی سماجی خدمت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ آج ایدھی صاحب ہم میں نہیں لیکن ان کا نام اور ان کے کارنامے انہیں زندہ رکھے ہوئے ہیں، وہ انسانیت کے روشن مینار تھے۔ ان کی شہرت صرف پاکستان تک محدود نہیں بلکہ ان کے نام کا ڈنکا پوری دنیا میں بجتا ہے، انسانیت کے خادم کی زندگی سے کئی سبق سیکھے جاسکتے ہیں۔ انسانیت کی خدمت کرنیوالی اس عظیم ہستی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ضروری ہے کہ ہم ان کے نقش قدم پر چلیں، خدمت خلق کے راستے کو اپنائیں، ان کے چھوڑے ہوئے کام کو آگے بڑھائیں۔ اس موقع پر قرآن خوانی کی گئی اور عبدالستار ایدھی کے درجات کی بلندی کے لئے دعا بھی مانگی گئی۔ مٹھی میں امر جگدیش ملانی سوشل کی جانب سےمٹھی میں ملک کی نامور شخصیت عبد الستار ایدھی کی پہلی برسی کی تقریب شو مندر میں منائی گئی، دیئے جلا کر خراج عقیدت پیش گیا اس موقع پر لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔ تقریب میں ہندو اور مسلم سماجی و سیاسی کارکنوں نے بڑے تعداد میں شرکت کی،اس موقع پر دیئے جلا کر اور پھول نچھاور کرکے عبدالستار ایدھی کو خرا ج عقیدت پیش کیا گیا اور دعا بھی مانگی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے پیپلزپارٹی ایم پی اے ڈاکٹر مہیش کمار ملانی نے کہا کہ ایدھی ملک کی پہچان ہیں اور خدمت کی اعلی مثال ہیں،ایدھی کی زندگی انسانیت کی خدمت کا درس ہے ۔ایدھی کی زندگی کو مثا ل بنا کر انسانیت کی خدمت کرنے سے ملک کا نام روشن ہوگا اور انسانیت کا احساس بھی رہے گا،ایدھی کو ہر مذھب کا فرد احترام کی نگاہ سے دیکھتا ہے ،ہم بھی مندر بھی ہندو مسلم کھٹے ہو کر ایدھی کو سلام پیش کر رہے ہیں۔اس موقع پر پیپلزپارٹی رہنما سشیل ملانی،نامور کالم نگار میر حسن آریسر،مامام وشن تھری،عبد الغفار،ڈاکٹرسکندر نے بھی ایدھی کی زندگی پر روشنی ڈالی۔تقریب میں شرکا ء سمیت اسپتال میں زیر علا ج مریضوں اور لواحقین میں لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔