ملک بھر میں مون سون بارشیں جاری، حادثات میں 7 ہلاک، کراچی میں مزید بارش کا امکان

July 17, 2017

کراچی (اسٹاف رپورٹر/ایجنسیاں) اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، نوابشاہ، حیدرآباد، حب، فاٹا، خیبرپختونخوا، بلوچستان ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے ، ندی نالوں میں طغیانی اور سیلابی ریلے میں بہہ کر اور مختلف حادثات میں دو بھائیوں سمیت 7افراد ہلاک ہوگئے۔

محکمہ موسمیات نے کراچی ،حیدرآباد، میرپورخاص سمیت ملک کے کئی شہروں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کردی ہے، کراچی میں بارشوں کا سلسلہ پیر تک جاری رہنے کا امکان ہے اور منگل سے مون سون کا سسٹم کمزور ہوجائے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کی صبح فیصل بیس میں 4ملی میٹر، مسرور بیس ، ایئرپورٹ میں 3، اولڈ سٹی ایریا میں ایک اور سب سے زیادہ گلشن حدید میں 5ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو کراچی میں درجہ حرارت کم سے کم 26.5 اور زیادہ سے زیادہ 31.3رہنے کا امکان ہے۔ بلوچستان کے علاقوں ژوب،سبی، نصیرآباد، قلات، مکران ڈویژن میں اکثر مقامات پر تیزہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ ضلع خضدار میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی۔ وڈھ کے مقام پر ایک کار سیلابی ریلے میں بہہ گئی۔

کار میں پانچ افراد سوار تھے۔ ایک بچے سمیت دو افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ دیگر ڈوبنے والوں کی تلاش جاری ہے۔جبکہ فیروز آباد میں دو بھائی سیلابی ریلے میں ڈوب گئے۔اس دوران چند مقامات پرموسلا دھار بارش بھی ہوئی ۔ شدید بارش کے باعث دریائوں اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔۔صحرائے تھر میں بھی بارش نے جل تھل ایک کردیا ، اسکردو میں بارش اور لینڈسلائیڈنگ کے باعث گلگت اسکردو روڈ چوتھے روز بھی بند رہی۔