اسلام آباد،لوٹے جانے پر مزاحمت کرنیوالا چاقو کے وار سے زخمی

July 17, 2017

اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار) تھانہ مارگلہ کے علاقے نائنتھ ایونیو پر دو مسلح افراد نے ظفر عباس کو روک کر نقدی چھیننے کی کوشش کی اور مزاحمت پر اسے چاقو مار کر زخمی کردیا، پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔تھانہ نون کے علاقے دربار نون سے ملک بلال کا موٹرسائیکل سی ٹی662 چوری ہوگیا۔ تھانہ شہزاد ٹائون کے علاقے رائل ایونیو میں رائو غلام مرتضی کے ہاسٹل سے برتن، فرنیچر، قالین، فرنیچر اور نقدی چوری ہوگئی، مدعی نےمنیجر ذکا الرحمان اور شجاع الرحمان پر شبہ ظاہر کیا ہے۔ تھانہ سیکرٹریٹ کے علاقے بری امام میں راجہ ظہیر کے گھر سے زیورات چوری ہوگئے، راجہ ظہیر کی اہلیہ سمیرا نے اپنے خاوند پر ہی چوری کا الزام لگایا ہے۔ تھانہ کورال کے علاقے مظہر حسین کی دکان سے تین خواتین 50 ہزار روپے مالیت کی تاریں چوری کرکے لے جارہی تھیں کہ صائمہ بی بی نامی خاتون کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیاگیا جسے پولیس نے گرفتار کرلیا دیگر دوخواتین کی گرفتاری کےلئے پولیس متحرک ہوگئی ہے۔