کشمیر جلدآزاد،الحاق پاکستان سے ہوگا،ڈپٹی کمشنرحویلی

July 20, 2017

فارورڈ کہوٹہ (نمائندہ جنگ) کشمیری قوم ستر سال سے بندوقوں کے سائے میں آزادی کی جنگ لڑ رہی ہے۔ بھارت کے تمام تر ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیری قوم کا جذبہ آزادی ختم نہیں ہو سکا،وہ وقت دور نہیں جب کشمیر آزاد ہوگا اور اس کا الحاق پاکستان سے ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر حویلی چوہدری کاشف حسین نے یوم الحاقِ پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جو ڈگری کالج کہوٹہ میں ہوئی۔تقریب میں ایس پی حویلی سیدارشد حسین نقوی، پرنسپل چوہدری رفیق ، اسسٹنٹ کمشنر حویلی سید تصور حسین نقوی، تحصیلدار سید قمرعلی کاظمی ، چوہدری جمیل ، سکول کے طلباء و طالبات نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل کو اپنے اسلاف اور کشمیری قوم کی قربانیوں کی داستان سے عشیر براہ ہونے کے لیے تاریخ سے روشناس ہونے کی ضرورت ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ وہ دن دور نہیں جب آر پار کے کشمیری منحوس لکیر کو مٹاتے ہوئے آزاد ہوں گے۔ برہان وانی کی شہادت کے بعد موجودہ آزادی کی لہر منزل تک ضرور پہنچے گی۔ تقریب میں بچوں نے ملی نغمے پیش کئے، شہدا کی درجات بلندی اور کشمیر کی آزادی اور ملک کی سلامتی کے لیے خصوصی دُعا کی گئی۔