لاہور کے تعلیمی ادارے اور منشیات کا استعمال

July 21, 2017

لاہور کے تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال میں اضافے کا انکشاف ہوا ہے۔ اس کے ذریعےصرف لڑکے ہی نہیں، لڑکیاں بھی نشے کی عادی ہو رہی ہیں۔

پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے مطابق منشیات فراہم کرنے والے عناصر تعلیمی اداروں میں ہی موجود ہیں۔ کمیشن نے انکشاف کیا ہے کہ تعلیمی اداروں میں منشیات کا استعمال بڑھنے لگا ہے اور تعلیمی اداروں کو منشیات فری بنانے کے لیے قواعد و ضوابط بنائے جا رہے ہیں۔

انسداد منشیات مہم کے کنسلٹنٹ سید ذوالفقار حسین کہتے ہیں کہ نویں اور دسویں جماعت کے طالب علم بھی نشے کی لعنت کا شکار ہیں۔ 80 فیصد طالب علم بری صحبت کے باعث منشیات کے عادی ہو جاتے ہیں۔

پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن حکام کا کہنا ہے کہ تمام تعلیمی اداروں سے نمائندے لیے جا رہے ہیں جنہیں انسداد منشیات کی تربیت فراہم کی جائے گی تاہم اس ضمن میں والدین کا کردار انتہائی اہم ہے۔