مائیکل کلارک نے شہریار خان کا دعویٰ جھٹلادیا

July 23, 2017

سابق آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک نےپاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کے دعوے کو جھٹلادیا ،ان کا کہناتھاکہ پاکستان کا دورہ کرنے والی ورلڈ الیون میں میری شمولیت خود میرے لئے خبر ہے۔

ستمبر میں پاکستان کا دورہ کرنے والی ورلڈ الیون میں کون کون کھلاڑی شامل ہوگا ؟ یہ بات اب متنازع بنتی جارہی ہے۔

چیئرمین شہریار خان نے ہفتے کو ورلڈ الیون میں سابق آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک کی شمولیت کا دعویٰ کیا، لیکن چند گھنٹوں بعد ہی مائیکل کلارک نے اسے اپنے لئے ایک خبر قرار دے دیا ۔

سوشل میڈیا پر اپنے ایک پیغام میں مائیکل کلارک نے لکھا ہے یہ ان کے لئے خبر ہے ، ایسا نہ کریں ،سچائی کو سامنے آنے دیں ۔

مائیکل کلارک کے علاوہ ہاشم آملہ کی شمولیت کا دعویٰ کیا گیا ہے،جنوبی افریقا اوپننگ بیٹسمین کےقریبی ذرائع نے بھی اس کی تصدیق نہیں کی ہے ۔

پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین شہریار خان کے پاس انگلینڈ میں غیر تصدیق شدہ فہرست ہے جو وہ میڈیا کے ساتھ شیئر کر رہے ہیں ۔