ایم کیوا یم شعبہ خواتین اور ایلڈرزونگ کا اجلاس

July 24, 2017

کراچی(اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے عارضی مرکز واقع بہادرآباد میں ڈسٹرکٹ ایسٹ کی شعبہ خواتین اور ایلڈرز ونگ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایم کیو ایم (پاکستان) رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنونیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، اراکین رابطہ کمیٹی ارشاد ظفیر اور خالد سلطان، ڈسٹرکٹ آرگنائزر ڈسٹرکٹ ایسٹ اسامہ قادری، ڈسٹرکٹ ایسٹ کی شعبہ خواتین اور ایلڈرز ونگ کے ذمہ داران و کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کنونیر ایم کیو ایم (پاکستان) رابطہ کمیٹی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ شعبہ خواتین اور ایلڈرز ونگ کے ساتھی اور باجیاں ایم کیو ایم (پاکستان) میں ریڑھ کی ہڈی کی سی حیثیت رکھتے ہیں۔

رکن رابطہ کمیٹی ارشاد ظفیر نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ایسٹ میں تحریک کے کام کو مزید بہتر بنانے کی گنجائش ہے اور ہمیں یقین ہے کہ آپ جلد اس گنجائش کو بھی اپنی محنت اور لگن سے ختم کردیں گے۔ رکن رابطہ کمیٹی خالد سلطان نے کہا کہ ہمیں علم ہے کہ ایک منظم سازش کے تحت ایم کیو ایم (پاکستان) کے ساتھ کھڑے کارکنان و ذمہ داران خصوصاً ہماری خواتین کارکنان کی کردار کشی کی جارہی ہے لیکن ہم اپنے اتحاد سے ایسی ہر سازش اور منفی پروپیگنڈے کو ختم کریں گے۔ آرگنائزر ڈسٹرکٹ ایسٹ اسامہ قادری نے کہا کہ ایم کیو ایم (پاکستان) نے ہمیشہ اپنی خواتین کے احترام اور انکی عزت کو مقدم رکھا ہے۔