نہروں اور دریائوں پر ممکنہ سیلاب سے بچائو کی مشقیں جاری

July 24, 2017

ملتان( سٹا ف رپو ر ٹر ) فلاح انسانیت فائونڈیشن کے زیر اہتمام جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع کی نہروں اور دریائوں پر ممکنہ سیلاب کے پیش نظر فلڈڈرل ایکسر سائزکا سلسلہ جاری ہے ۔ملتان ،لیہ اور رحیم یار خان میں ایف آئی ایف ریسکیو کے سینئر انسٹرکٹرز نے سیلاب سے نمٹنے کیلئے تکنیکی لیکچرز دیئے اور عملی مشقیں کروائیں۔اسی طرح کشتی آپریٹنگ، ہنگامی سیلابی کیفیت سے نمٹنا، عارضی کشتی بنانا، تیراکی کے بغیر پانی سے نکلنا، فرسٹ ایڈ، زخمیوں کی ہسپتال منتقلی اور دیگر ہنگامی حالات سے نمٹنے کے طریقے سکھائے گئے۔ فلاح انسانیت فائونڈیشن کی جانب سے مظفر گڑھ،ڈی جی خان، بہاولپور اورجنوبی پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی ہزاروں رضا کاروں کو ٹریننگ دی جائے گی۔ ایف آئی ایف کے چیئرمین حافظ عبدالرئوف کا کہنا ہے کہ ہر سال مختلف علاقوں میں سیلاب کی وجہ سے لوگوںکا جانی و مالی نقصان ہوتا ہے ۔اس لئے ہم نے ابھی سے اپنی تیاریوں کا سلسلہ شروع کردیاہے،ریسکیو واٹر پاکستان کے انچارج نوید قمر نے بتایا کہ ممکنہ سیلاب کے پیش نظر پنجاب میں ڈویژن کی سطح پر فلڈ سنٹرز قائم کئے گئے ہیں جن میں گوجرانوالہ،فیصل آباد،ملتان اورسرگودھا شامل ہیں ، پنجاب کے ممکنہ سیلابی علاقوں میں فلاح انسانیت فائونڈیشن کی جانب سے کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔