غیر ملکی فنڈنگ، پیپلزپارٹی نے تحریک انصاف کے الزامات کو مسترد کر دیا

July 25, 2017

اسلام آباد (نمائندہ جنگ)پاکستان پیپلزپارٹی کے ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر نے پی ٹی آئی کی جانب سے لگائے گئے اس الزام کو مسترد کر دیا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے بھی بیرون ملک سے فنڈنگ حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہ تو بیرون ممالک سے پارٹی نے کوئی فنڈ حاصل کئے اور نہ ہی کبھی کسی بیرون ملک میں فنڈ اکٹھا کرنے کی کوئی تقریب منعقد کی۔ پاکستان پیپلز پارٹی پاکستان میں اکٹھے کئے ہوئے فنڈ استعمال کرتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی غلط تصورات قائم کرنے کی بجائے پاکستان میں اپنی سرگرمیوں کے لئے حاصل کی ہوئی رقم پر اٹھنے والے سوالات کے جواب دے کیونکہ پی ٹی آئی مبینہ طور پر قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان میں سیاسی سرگرمیوں کے لئے غیرملکی فنڈ استعمال کر رہی ہے۔