جاپانی کمپنی کا الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری پر کام تیز

July 26, 2017

جاپان کی ٹویوٹا موٹرز کارپوریشن نے 2022 تک وسیع پیمانے پر الیکٹرک گاڑیوں کی پروڈکشن کے لئے نئی قسم کی بیٹریز کے ساتھ طویل ڈرائیونگ رینج کی حامل گاڑیوں کی تیاری پر کام تیز کر دیا ہے۔

منگل کو ٹویوٹا موٹرز کے مطابق وہ اپنی نئی الیکٹرک گاڑیوں کے لئے بالکل نیا پلیٹ فارم استعمال کریں گے جو کہ لیتھیم آئن بیٹریز کے بجائے سالڈ اسٹیٹ بیٹریز کی حامل ہوں گی اس کی وجہ سے گاڑی چند منٹ میں ریچارج ہو جائے گی۔

اس وقت الیکٹرک گاڑیوں میں لیتھیم آئن بیٹریز استعمال ہو رہی ہیں جو فاسٹ چارجر کے ساتھ بھی چارج ہونے میں20 سے 30 منٹ لیتی ہیں اور ان کی رینج 300 سے400 کلو میٹر ہوتی ہے۔

ٹویوٹا نے اپنی نئی الیکٹرک گاڑیاں جاپان میں 2022 میں فروخت شروع کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے جبکہ 2019ءمیں ٹویوٹاچین میں وسیع پیمانے پر الیکٹرک کارز(ای ویز)کی پیداوار شروع کر دے گا۔

کار ساز ادارہ بی ایم ڈبلیو بھی آئندہ 10 سال میں سالڈ اسٹیٹ بیٹریز کے ساتھ اپنی گاڑیاں مارکیٹ میں لے آئے گا۔سالڈ اسٹیٹ بیٹریز میں سالڈ الیکٹرولائٹس استعمال ہوتے ہیں جو کہ استعمال کے لئے زیادہ محفوظ بھی ہیں جبکہ لیتھیم آئن بیٹریز مائع ہوتی ہیں۔