افغانستان میں دہشتگردوں کی پناہ گاہوں کے ثبوت موجود ہیں، اعزازچودھری

July 27, 2017

امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر اعزاز چوہدری کا کہنا ہے کہ افغانستان میں دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کے ہمارے پاس ثبوت موجود ہیں۔

یہ بات اعزاز چوہدری نے انٹرنیشل انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹیجک اسٹڈیز سےخطاب کے دوران کہی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ضرب عضب کے باعث پاکستان سے فرار دہشت گروں نے افغانستان میں پناہ گاہیں بنا رکھی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں موجود دہشت گرد دونوں ملکوں میں ہونے والے حملوں میں ملوث ہیں تاہم پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کرچکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن کا واحد حل مذاکرات ہیں جبکہ بارڈر مینجمنٹ سے دہشت گردی پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان خطے میں استحکام کیلئے امریکہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے اور حکومت پاکستان معاشی استحکام کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

اپنے خطاب کے دوران اعزاز چوہدری نے بتایا کہ پاک چین اقتصادی راہدرای منصوبہ عالمی سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز ہے جبکہ امریکی کارپوریٹس بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کے بارے میں سنجیدہ ہیں۔