خیبر پختونخوا حکومت کا کاشتکاروں سے 29 ارب روپے کی گندم خریدنے کا فیصلہ

May 05, 2024

خیبر پختونخوا حکومت نے کاشتکاروں سے 29 ارب روپے کی 3 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدنے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیر خوراک خیبر پختونخوا ظاہر شاہ طورو کا کہنا ہے کہ گندم کا معیار جانچنے کیلئے ضلعی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں، گندم خریداری مہم 7 مئی سے شروع کی جائے گی، خریداری مراکز میں سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی کی جائے گی۔

ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ گندم خریداری ایپ متعارف کروائی گئی ہے، شکایات کےلیے مانیٹرنگ کنٹرول روم قائم کیا جائے گا، گندم خریداری مہم میں شفافیت یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 24 گھنٹے کے اندر بینک کے ذریعے کاشتکاروں کو ادائیگی ہوگی، محکمہ خوراک نے ایس او پی سے متعلق تمام متعلقہ حکام کو مراسلہ جاری کر دیا۔