نواز شریف سپریم کورٹ کی توہین کر رہے ہیں،قمر زمان کائرہ

August 20, 2017

ملک وال( نامہ نگار)پیپلز پارٹی پنجاب کے صوبائی صدر قمر زمان کائرہ نے کہاہے کہنواز شریف سپریم کورٹ کی توہین کر رہے ہیں۔اداروں کے سامنے پیش ہونا وہ اپنیہتک سمجھتے ہیں۔قمر زمان کائرہ گزشتہ روز ملک وال کے قصبہ گوجرہ میں سابق وفاقی وزیر نذر محمد گوندل کے چچا کی وفات پر تعزیت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف عدالتی حکم کے باوجود نیب میں پیش نہیں ہوئے اور اب سنا ہے کہ میاں برادران ججز کے خلاف کوئی ریفرنس اسمبلی میں لا نے کی کوشش کر رہے ہیں انکو یہ بات ذہن میں رکھنی چاہئے کہ پیپلز پارٹی نے بڑے بحرانوں اور چیلنجز کا سامنا کیا ہے اور بڑے بڑے نقصانات بھی اٹھائے ہیں لیکن اداراوں کے ساتھ لڑائی نہیں کیا، احتجاج کیا اور اپنا نقطہ نظر قوم کے سامنے پیش کیا۔ میاں برادران عدالت سے جھگڑنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ملک کے نظام کو مفلوج کرنے کی کوئی انہیں اجازت نہیں دے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک جمہوری پارٹی ہے او ر پارٹی میں اپنی بات کرنے کی ہر شخص کو مکمل آزادی ہے انہوں نے کہا کہ این اے 120 میں پیپلز پارٹی بڑے زبردست نتائج دے گی۔