سر رہ گزر

August 22, 2017

کھایا پیا گلاس توڑا لندن چلے گئے
محترمہ کلثوم نواز طبی معائنے کے لئے لندن میں ہیں، سابق وزیراعظم محمد نواز شریف بھی طبی معائنے کے لئے 24اگست کو لندن روانہ ہو جائیں گے، شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری بھی لندن پدھار گئے، اور شاید فضل الرحمٰن بھی لندن جا سکتے ہیں، اتحادی ہیں تیمار داری بھی کر آئیں گے ایک آدھ نسخۂ کیمیا بھی بتا دیں گے، عدمؔ کا یہ شعر اگر خفیف تبدیلی کے ساتھ پیش کیا جائے تو حسب حال ہو گا؎
یہ کوئی ’’لندن‘‘ ہے یا کوچۂ صنم ہے
چلی جاتی ہے اک خلقت خدا کی
لندن والے تو 1947ء ہی میں چلے گئے تھے اب ان کی باقیات کیسے یہاں ٹک سکتی ہیں ہمارے تمام مشورے، ضروری باتیں اور بندر بانٹ کے معاملے لندن میں ہی طے پاتے ہیں، جبکہ وطن عزیز میں صرف محب وطن غریب ہی رہ جاتے ہیں، جو زیادہ محب وطن اور صاحب دھن ہوتے ہیں ذرا سی موچ آئے یا موج آئے لندن کی راہ لیتے ہیں، ہمیں شیخوپورہ جانا ہو تو ایک سال سوچتے ہیں ایک سال تیاری کرتے ہیں تب جا کر بچوں کو ہرن مینار دکھانے لے جاتے ہیں، خیال اپنا اپنا نصیب اپنا اپنا، جتنے بھی پپو یار ہیں ان کو گوروں کی نظر نہ لگے اکثر بیمار رہتے ہیں۔ سارے محبان لندن کو اللہ تعالیٰ شفائے کاملہ و عاجلہ عطا فرمائے سب کہو آمین ثم آمین، جو لندن نہیں جا سکتے اس کی وجہ یہ ہے کہ کھایا پیا کچھ نہیں، گلاس توڑا، بارہ آنے، سعد رفیق نے سچ کہا کہ ہمارے ساتھ تو وہ ہوا کہ کوئی اپنے دشمن کے ساتھ بھی نہیں کرتا، حالانکہ خواجہ صاحب کا نام پاناما میں ہےنہ انہوں نے کوئی منی لانڈرنگ کی ہے، وہ نیک نامی کمانے والے قابل عزت لاہوری ہیں، ان کو نیب بے عیب نے بھی طلب نہیں کیا لیکن وہ دوسروں کا درد نہیں دیکھ سکتے، سچ کہا کسی نے؎
دردِ دل کے واسطے پیدا کیا انسان کو
ورنہ طاعت کے لئے کچھ کم نہ تھے کرو بیاں
٭٭٭٭
شہنشاہ پریس کانفرنس
مہدی حسن شہنشاہ غزل تھے، نور جہاں ملکہ ترنم تھیں، یہ جوڑی کوئی پریس کانفرنس کئے بغیر ہمیں چھوڑ گئی، اب ہمارا سارا گزارہ شہنشاہ پریس کانفرنس چوہدری نثار علی خان پر ہے، وہ ہر پریس کانفرنس کوئی خاص بات بتانے کا اعلان کرتے ہیں، پھر پریس کانفرنس برپا کرتے ہیں تو یہ کہہ کر اٹھ جاتے ہیں اصل بات اگلی پریس کانفرنس میں بتائوں گا، اور شیخ رشید جو ان دنوں بنی گالہ میں رہتے ہیں کہ نواز شریف اینڈ کمپنی کے ہاں کچھ ایسا ہو کہ وہ بن بلائے بھی کسی چینل پر بیٹھ کر بھگو بھگو کر باتیں کریں، ہمارے نظام کو تو ایک عرصہ ہوا امریکی سنڈی لگی ہوئی ہے، لیکن ہمارے سیاسی نظام اتنا ہی ابھرتا ہے جتنا کہ کوئی دباتا ہے، یہ کوئی کون ہے؟ ضرور کوئی خیر خواہ ہی ہو گا جو امریکن سنڈی سے ہماری فصل نوکو بچا لے، اور شاید کہ بیان فصل گل آئے شاید والی بات ہے کہ خدا نہ کرے ہمیں کچھ عرصہ بعد یہ شعر بھی کوٹ کرنا پڑ جائے؎
قفس اداس ہے یارو صبا سے کچھ تو کہو
کہیں تو بہر خدا اب ذکر یار چلے
نوبہار سے ہمیں چھپن چھری دلی والی کے کوٹھے سےمتصل نو بہار بیگم کا چوبارہ یاد آیا، جہاں سرشام ہی پائل کی آواز اہل دل کو پکارتی تھی، مگر اب تو دلی میں سوائے نریندر مودی کے سوا کچھ باقی نہ رہا، اب بھلا ہمارے لئے کیوں ناچیں گے، ان کا رومانس امریکہ سے ہو چکا ہے، اور ٹرمپ کہیں تو وہ یوں بھائو دکھائیں اور گائیں کہ؎
رقص زنجیر پہن کر بھی کیا جاتا ہے
٭٭٭٭
نوٹس ملیا تے ککھ نہ ہلیا!
ترجمان شریف فیملی نے کہا ہے:نوٹس نہیں ملا، نیب فرماتا ہے:دوسرے نوٹس پر اتوار کو بھی کوئی پیش نہ ہوا اب شریف فیملی کو تیسرا آخری نوٹس دیں گے، نیب نوٹس پر نوٹس تو دیتا جاتا ہے، بھلا وہ یہ تو بتائے کہ اس کے پاس کیوں نکالا؟ کا کوئی مدلل جواب بھی ہے یا بلاوجہ شریفوں کو چھیڑتا ہے، ہماری تو دعا ہے کہ ایک صبح ایسی طلوع ہو کہ پرانے زمانے کی عدلیہ عدالتوں میں بیٹھی ہو اور وہ فیصلہ دے کہ نواز شریف کے خلاف کچھ ثابت نہیں ہو سکا انہیں باعزت بری کیا جاتا ہے مگر ہماری عقیدت و محبت کی کیا وقعت؎پیار وفا سب باتیں ہیں باتوں کا کیا؟ کیا نیب کا کام صرف نوٹس دینا اور ساری ٹیم کا آٹھ گھنٹے انتظار کر کے گھر چلے جانا ہے، بہرحال سردست تو اس کا یہی شیوہ ہے؎
چھیڑ ’’شریفاں‘‘ سے چلی جائے اسدؔ
ویسے بھلے کی بات تو یہ تھی کہ فیصلہ آیا، مان بھی لیا عملدرآمد بھی ہو گیا پھر اگر خاموشی سے 2018کے الیکشن اور پارٹی کی پرداخت پر توجہ دی جاتی تو بات زیادہ آگے نہ بڑھتی، البتہ یہ جو نیب ریفرنسز ہیں یہ اگر ثابت ہو جاتے ہیں، تو وہ پھر الگ بات انسان کچھ بھی کرے، کہے لیکن محتاط رہے اور قانون کو اپنا دشمن نہ بنائے کیونکہ سنا ہے قانون اندھا ہوتا ہے، اسے یہ نظر نہیں آتا کہ اس کی زد میں شاہ ہے یا گدا، وہ کسی کو نہیں چھوڑتاپاناما لیکس کا کہ ن لیگیوں سے ان کا پیارا وزیراعظم چھین لیا، اور باریش وزیراعظم دے دیا،
٭٭٭٭
گمشدگی اور بازیافتگی
....Oسراج الحق:امیروں کا محاسبہ نہ ہو تو کسی غریب کو بھی طلب نہیں کیا جا سکتا،
مگر چراغ الحق صاحب! اب قانون واقعی اندھا ہو چکا ہے، آپ تو امیر نہیں ذرا کنٹیمپٹ کر کے دیکھ لیں، طلبی ضرور ہو گی۔
....Oاکبر ایس بابر:عمران خان کا اگلا ایجنڈا صرف وزیراعظم بننا ہے،
لگتا ہے آپ کو ڈر ہے کہ کہیں وہ وزیراعظم نہ بن جائیں، کیونکہ آپ بھی سابق عمران خانی ہیں،
....Oچوہدری نثار:اختلافات ظاہر کر دوں تو پارٹی اور قیادت کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
کیا نقصان پہنچنے میں کوئی کسر باقی رہ گئی ہے۔
....Oبکرا عید سر پر کھڑی ہے مگر قلم اتنے مصروف ہیں کہ اس بار تاحال کسی نے بکرے کو خراج تحسین پیش نہیں کیا، بکرے کی ماں آخر کیا سوچے گی کہ بیٹا قربان کیا اور کسی نے ایک لفظ اس کی یاد میں نہ لکھا۔
....Oایک بھارتی عدالت کے احاطے میں نریندر مودی کے تلاش گمشدگی کے پوسٹرز،
اب یہی طریقہ ہے کہ انہیں نوٹس پر نوٹس بھیجا جائے، بالآخر کسی بل سے برآمد ہو جائیں گے۔