کچرا

September 10, 2017

ایک کھنکھجورا میری ٹانگ پر چڑھا۔
میں ساکت پڑا رہا۔
مجھے اس لمبے سے کیڑے سے بہت ڈر لگتا ہے۔
پھر کھٹملوں نے میری پیٹھ پر کاٹا۔
میں کھجانا چاہتا تھا لیکن نہیں کھجا سکا۔
پھر لال بیگ میرے چاروں طرف بھاگنے دوڑنے لگے۔
مجھے بہت گھن آئی۔
پھر مچھروں کی بھن بھن شروع ہو گئی۔
پہلی چھپکلی دیکھ کر میری گھگھی بندھ گئی۔
پھر چوہوں نے یلغار کر دی۔
’’بچاؤ، بچاؤ! کوئی ہے؟‘‘
میرے حلق سے اچانک چیخیں نکلنے لگیں۔
گھبراہٹ کے ان لمحات میں کہیں دور سے آواز آئی،
’’شاید ساتھ والی قبر میں نیا مردہ آیا ہے۔ٔ‘‘