سندھ حکومت صنعتکاروں کے مسائل کے حل میں سنجیدہ ہے،ناصر شاہ

September 22, 2017

کراچی (اسٹاف رپورٹر) حکومت سندھ محنت کشوں کی ترجیحات کو مد نظر رکھتے ہوئے صنعتکاروں کو بھی ترجیح دیتی رہی ہے اورانکے مسائل کو حل کرنےمیں سنجیدہ ہے کیونکہ صنعت کار ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں انکو مکمل تعاون اور مدد فراہم کرینگے۔ان خیالات کااظہارصوبائی وزیر محنت ٹرانسپورٹ واطلاعات سید ناصرحسین شاہ نے جمعرات کوسائٹ سپرہائی وے ایسوسی ایشن میں صنعتکاروں سے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں چیئرمین جمشید چاندی والا سینئر وائس چیئر مین سلیمان چشتی، دیگرارکان نے بھی شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے ٹھوس اقدامات کے ذریعے تمام صنعتی علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کا جال پھیلایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عملی اقدامات کرکے محنت کشوں اور صنعتکاروں کے لئےسہولتیں فراہم کی جائینگی ۔بعد ازاں چیئر مین سائٹ سپرہائی وے جمشید چاندی والا نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے سائٹ کے مسائل اور ضروریات کے بارے میں آگاہی دی۔