دبئی:سڑک پر ڈرائیور کو درمیانی انگلی اوپر اٹھاکر دکھانے والے برطانوی کو6ماہ قید کا سامنا

September 22, 2017

لندن (نیوز ڈیسک) ایک برطانوی آئی ٹی ورکر نے کہا ہے کہ سڑک پر ایک دوسرے ڈرائیور سے تلخ کلامی کے دوران اپنی درمیانی انگلی اوپر اٹھانے کے باعث اسے دبئی جیل میں6ماہ قید کا سامنا ہے۔

23سالہ جمیل احمد مقدم فروری میں خلیجی ریاست میں ایک تعطیل کے بعد اپنی اہلیہ کے ساتھ کرائے کی کار میں ائر پورٹ جارہا تھا جب اس نے گستاخانہ اشارہ کیا۔

جب وہ10ستمبر کو واپس دبئی آیا تو امیگریشن کنٹرول پر اسے گرفتار کرلیا گیا۔

اس نے ’’سن‘‘ کو بتایا کہ ابتدائی طور پر اسے ایک پولیس کوٹھری میں کریمنلز بشمول ریپٹس اور قاتلوں کے ہمراہ رکھا گیا۔ اسے بعدازاں ضمانت پر رہا کرکے ہوٹل پہنچا دیا گیا۔ تاہم اس کا پاسپورٹ ضبط کرکے ملک چھوڑنے سے روک دیا گیا۔ مقدم نے بتایا کہ اس نے گستاخانہ اشارہ ایک ڈرائیور کو کیا تھا، جس نے اپنی گاڑی بالکل اس کی گاڑی سے لگا دی تھی اور مسلسل ڈیپر مار رہا تھا۔