اسلام آبادہائیکورٹ، میانمار سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کی درخواست پر وفاقی حکومت کوخود فیصلہ کرنیکی ہدایت

September 23, 2017

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)اسلام آباد ہائیکورٹ نے روہنگیامسلمانوں کی نسل کشی پر میانمارسے سفارتی تعلقات ختم کرنے اور اس کے سفیر کو ملک بدر کرنے کے حوالے سے دائر درخواست نمٹا تے ہوئے معاملہ وزارت خارجہ کو بھجواتے ہوئے اس پر خود فیصلہ کرنے کی ہدایت کی ہے، جسٹس عامر فاروق پر مشتمل سنگل بنچ نے جمعہ کودرخو است گزار طارق اسد کی درخواست کی سماعت کی تو درخوا ست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ میانمار کی حکومت اور فوج کی سرپرستی میں روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام اور نسل کشی کا سلسلہ جاری ہے، عدالت وفاقی حکومت کومیانمارسے سفارتی تعلقات ختم کرکے میانمار کے سفیر کو سفارتی عملے سمیت پاکستان سے بے دخل کرنے کے احکاما ت جاری کرے اورمیا نما رمیں موجود پاکستانی سفارتی عملے کو بھی پاکستان واپس بلایا جائے، بعد ازاںفاضل عدالت نے درخوا ست نمٹاتے ہوئے معاملہ وزارت خارجہ کو بھجوا دیا ۔