ضلع وسطی کے مختلف علاقوں میں آل پاکستان مسلم لیگ کی پرویز مشرف کے حق میں چاکنگ

September 23, 2017

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں سیاسی طور پر ایم کیو ایم کے مضبوط ترین ضلع وسطی کے مختلف علاقوں میں آل پاکستان مسلم لیگ نے پرویز مشرف کے حق میں وال چاکنگ کر دی ہے ۔ یہ وال چاکنگ ایم کیو ایم کے سیاسی طور پر مضبوط ترین علاقوں لیاقت آباد حسین آباد ،بندھانی کالونی ، شریف آباد ، بانٹوا نگر ، ایف سی ایریا اور دیگر علاقوں میں کی گئی ہے ۔ واک چاکنگ میں جئے پرویز مشرف اور سب سے پہلے پاکستان کے نعرے دیواروں پر تحریر کیے گئے ہیں ۔

واضح رہے کہ ملیر میں اے پی ایم ایل کے کامیاب جلسے کے بعد ضلع وسطی میں بھی آل پاکستان مسلم لیگ نے اپنی سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ہے اور یہ وال چاکنگ اسی سلسلے کی کڑی بتائی جاتی ہے ۔ اے پی ایم ایل یوم عاشور کے بعد ضلع وسطی میں پارٹی سیکرٹریٹ کا انعقاد کرے گی اور جناح گراؤنڈ میں جلد جلسے کا اعلان کیا جائے گا ۔ اے پی ایم ایل میں حالیہ دنوں میں ایم کیو ایم پاکستان ، پی ایس پی ، تحریک انصاف ، پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ (ن) سمیت مختلف مذہبی سیاسی جماعتوں کے کارکنان اور مقامی عہدیدار شمولیت کا اعلان کر چکے ہیں۔