رامپورہ گیٹ میں گندگی کے ڈھیر، میلاد چوک شہری کیلئے بد نما داغ بن گیا

September 25, 2017

پشاور(سٹی رپورٹر) رامپورہ گیٹ میلاد چوک پورے شہر کیلئے بد نما داغ بن گیا ہے خاص طور پر چوک کے ساتھ ہر وقت گندگی پڑی رہتی ہے اور رکشہ ڈرائیورز نے چوک کو رکشہ سٹینڈ میں تبدیل کردیا جبکہ ایک ماہ قبل سڑک کے کنارے پلیٹ فارم کی مرمت اور سڑکوں کو کشادہ کرنے کیلئے کی گئی کھدائی نے تو تاجروں کیلئے اور بھی مشکلات کھڑی کردی ہیں جبکہ کھودی گئی جگہ میں سبزہ بھی اگ آیا ہے ۔ دکانوں کے بالکل آگے کھدائی کے باعث کوئی گاہک کھڑا نہیں ہو سکتا اور نہ ہی سڑک تنگ ہونے کی وجہ سے کسی قسم کی گاڑی کھڑی کی جا سکتی ہے جس سے کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں جبکہ پیدل چلنے والوں خصوصاً خواتین اور طالبات کا تو یہاں سے گزرنا ہی محال ہے اور اکثر ان کھڈوں میں گر کر اپنے آپ کو زخمی بھی کروا چکی ہیں سڑک کی کھدائی کے دوران اکثر مقامات پر پانی کے پائپ بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئے ہیں جس کی وجہ سے نزدیکی گھروں کو پانی کی ترسیل بند ہو گئی ہے مقامی افراد کا کہنا ہے کہ صاف پانی گڑھوں اور بالٹیوں میں دوسرے علاقوں سے لانا پڑتا ہے جو کسی عذاب سے کم نہیں جبکہ پانی نہ ہونے کی وجہ سے خواتین خانہ کو امور خانہ داری میں انتہائی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس سے وہ ذہنی کوفت کا شکار ہیں ۔ انہوں نے وزیر بلدیات اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ میلاد چوک اور ملحقہ بازاروں میں تعمیراتی کام جلد مکمل کئے جائیں اور علاقے میں صفائی کا بندوبست بھی کیا جائے ۔