روہنگیا مسلمانوں کے لیے پناہ کی تلاش مشکل ہوگئی

September 25, 2017

میانمار میں ظلم و ستم کا شکار روہنگیا مسلمانوں کے لیے پناہ کی تلاش مشکل ہوگئی۔ جنوب مشرقی ایشیا کے ملکوں کی تنظیم آسیان نے میانمار میں ظلم و ستم کو اندرونی معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ رخائن کی صورت حال کی تاریخ میں گہری جڑیں ہیں۔ ملائیشیا نے آسیان کے بیان کو غلط بیانی قرار دے دیا ۔

میانمار میں ظلم و ستم کا شکار روہنگیائی مسلمانوں کے لیے پناہ کی تلاش تو مشکل تھی ہی دنیا نے بھی رحم نہ کیا ، ایسوسی ایشن آف ساؤتھ ایسٹ ایشین نیشنز (آسیان) نے میانمار میں ہوئے ظلم و ستم کو اندرونی معاملہ قرار دے دیا ۔

دوسری طرف ملائیشیا نے آسیان کے اس بیان سے لاتعلقی کا اظہار کردیا۔ ملائیشیا کے وزیر برائے امور خارجہ انیفا امان کا کہنا ہے کہ ملائیشیا یہ سمجھتا ہے کہ آسیان کا یہ بیان حقیقی صورتحال کے بارے میں غلط بیانی ہے۔

اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ دو دنوں میں بنگلہ دیش آنے والے روہنگیائی مسلمانوں کی آمد میں کمی دیکھنے میں آئی ہے، لیکن یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ نقل مکانی کا سلسلہ ختم ہوچکا ہے۔