سوچی کے دعوے جھوٹے نکلے، میانمار میں مسلمانوں کا قتل عام جاری

October 08, 2017

اقوام متحدہ اور عالمی طاقتیں میانمار میں روہنگیا مسلمانوں پر تشدد کا سلسلہ نہ رکوا سکیں۔ غیرملکی میڈیا کی جانب سےجاری کی گئی نئی ویڈیو میں ریاستی تشدد کے خوفناک مناظر نے آنگ سان سوچی کے دعوؤں کی قلعی کھول دی ۔

غیرملکی میڈیا کی جانب سے جاری کی گئی نئی ویڈیو میں جلتے گھر اور جگہ جگہ موجود لاشوں نے آنگ سان سوچی کے ان دعوؤں کو مسترد کردیا ہے جس میں کہا گیاتھا کہ فوج کی جانب سے آپریشن روک دیاگیا ہے۔

مظالم سے تنگ مسلمانو ں کا میانمار سے ہجرت کا سلسلہ جاری ہے ۔عالمی امدادی اداروں نے جان بچا کر بنگلہ دیش میں پناہ لینےوالوں لاکھوں مسلمانوں کی حالت کو انتہائی تشویشناک قراردیا ہے۔

ایڈایجنسی کی جانب سےجاری کی گئی ایک ڈرون فوٹیج میں بنگلہ دیش میں لاکھوں افراد کے لیے بنائی گئی خیمہ بستی کی حالت زار کا اندازہ کیاجاسکتا ہے ۔

امن کا نوبیل انعام پانےوالی میانمار کی رہنما آنگ سان سوچی پر بھی عالمی سطح پر تنقید جاری ہے اور برطانیہ میں سٹی آف لندن نامی ادارے نے سوچی کو دیا جانےوالا فریڈم ایوارڈ واپس لینے پر غور شروع کردیا ہے ۔