قبائلی عوام خیبر پختو نخوا سے انضمام چاہتے ہیں، سراج الحق

October 09, 2017

جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق کا کہنا ہے کہ قبائلی عوام ایف سی آر سے نجات اور خیبر پختو نخوا سے انضمام چاہتے ہیں۔

فاٹا اصلاحات اور انضمام کے حق میں فاٹا اراکین اسمبلی، جماعت اسلامی، اے این پی، پی ٹی آئی، پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں کے رہنماؤں اور کارکنوں نے اسلام آباد میں ڈی چوک کے قریب دھرنا دیا ہوا ہے۔

پولیس نے مظاہرین کو ڈی چوک جانے سے روک دیا اور مظاہرین نے ڈی چوک کے قریب دھرنا دے دیا، جہاں مختلف مقررین نے خطاب کیا۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا کہ 2018ء کے انتخابات میں فاٹا کوخیبرپختون خوا اسمبلی میں نمائندگی دی جائے۔

سراج الحق کا کہنا ہے کہ حق کے لیے ہم نے جینا اور مرنا ہے، سرتاج عزیز نے کہا کہ قبائلی عوام سو فی صد ایف سی آر کا خاتمہ چاہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ قبائلی علاقوں کاکے پی کے سے الحاق چاہتے ہیں، حکومت کو وعدوں سے ہٹنے نہیں دیں گے،اگر چاہتے ہیں کہ قبائلی علاقے پاکستان کے ساتھ رہیں تو انہیں کے پی میں ضم کریں۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا یہ بھی کہنا ہے کہ جب تک قبائلی علاقوں کے لوگوں کو حق نہیں ملتا یہ احتجاج جاری رہے گا۔