کے پی کے:پولیو ویکسی نیٹرز کو 3 ہزار اسمارٹ فونز کی فراہمی

October 10, 2017

محکمہ صحت خیبر پختون خوا نے پولیو مہم کو مزید بہتر بنانے کے لیے ویکسی نیٹرز میں تین ہزار سے زیادہ اسمارٹ فون تقسیم کردیے۔

ان اسمارٹ فون سے ویکسی نیٹرز کی موجودگی کا پتا چل سکے گا اور بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوانے کی ویڈیو بھی بنائی جائے گی۔

اس سے یہ پتا چل سکے گا کہ کتنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا ئے گئے۔

ادھر خیبر پختونخوا کے 6اضلاع، قبائلی اور نیم قبائلی علاقوںمیں پولیو مہم کے پہلے روز 2 لاکھ سے زیادہ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرےپلائے گئے۔

محکمہ صحت حکام کے مطابق صوبے کے 6جنوبی اضلاع کرک ، ڈیرہ اسماعیل خان ،ہنگو،لکی مروت، ٹانک اور بنوں میں تین روزہ انسداد پولیو مہم کے دوسرے روز بھی بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔

مہم کے دوران 9لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا نے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے،محکمہ صحت حکام کے مطابق پولیو مہم کے لیے تین ہزار سے زیادہ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

ایف آر لکی،ایف آر ٹانک، ایف آر ڈیرہ، ایف آر بنوں اور جنوبی وزیرستان میں بھی انسداد پولیو جاری ہے۔

یہاں مہم کے دوران ڈیڑھ لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔