بھتہ نہ دینے پر تاجر کی گاڑی پر فائرنگ، بیٹا زخمی

October 12, 2017

جوڑیا بازار کے تاجروں کا کہنا ہے کہ بھتہ نہ دینے پر ایک تاجر کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، جس سے اس کا بیٹا زخمی ہوگیا۔

صدر جوڑیا بازار ایسوسی ایشن عبدالقادر نورانی نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ روز جوڑیا بازار کے تاجر کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی جس سے اس کا بیٹا زخمی ہوگیا۔

فائرنگ کا واقعہ آئی آئی چند ریگر روڈ پر پیش آیا۔ فائرنگ سے گاڑی پر دو گولیاں لگی جبکہ ایک گولی تاجر کے بیٹے کو کولھے پر لگی ۔

عبدالقادر نورانی نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ واردات بھتے خوری لگتی ہے، فائرنگ کے فوری بعد غیر ملکی نمبر سے تاجر کو دھمکی آمیز فون کال بھی کی گئی، جبکہ تاجر سے 3 سال قبل بھی کئی مرتبہ لیاری گینگ وار کے کارندوں نے بھتہ وصول کیا تھا۔

واقعہ کی پولیس اور رینجرز کو اطلاع کر دی گئی ہے، ایس ایس پی سٹی عدیل چانڈیو کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعہ کی اطلاع ملی ہے ، جس پر تفتیش کررہے ہیں۔