گوانتاناموبے کے قیدی سے تعلقات کا شبہ،جوشوا کو امریکا کی جانب سے تفتیش کا خدشہ

October 13, 2017

واشنگٹن(اے ایف پی)گوانتا ناموبے کے قیدی سے تعلقات کے شبہ میں طالبان قید سے رہا ہونے والے کینیڈین شہری جوشوا کو امریکا کی جانب سے تفتیش کا خطرہ ہے۔تفصیلات کے مطابق،طالبان کی قید سے رہا ہونے والے جوڑے کو فوری طور پر پاکستان سے امریکی ہوائی جہاز میں سوار نہیں کیا جائے گا امریکی فوجی عہدیدار نے اے ایف پی کو اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ کینیڈین شخص جوشوا کو خدشہ ہے کہ امریکا اس سے سابقہ قیدی گوانتاناموبے سے تعلقات کے شبہ میں تفتیش کرسکتا ہے۔

امریکی فوجی عہدیدار کا کہنا تھا کہ جوشوا بوئل اور ان کی امریکی بیوی کیٹلین کولمین اپنے تینوں بچوں سمیت امریکی فوجی طیارے میں بیٹھنے سے کترارہے ہیں کیوں کہ 2009میں جوشوا نے زینب خضرنامی خاتون سے شادی کی تھی جو کہ کینیڈین نژاد عمر خضرکی بہن تھی، جو ایک دہائی تک گوانتاناموبےجیل میں رہا۔اس لیے جوشوا کوئی خطرہ مول لینا نہیں چاہتے ۔عہدیدار کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا ایسا کوئی ارادہ نہیں ہے بلکہ ہم انہیں گھرواپس پہنچانا چاہتے ہیں۔