غیر جمہوری حکومت مسائل حل نہیں کرسکتی: وزیر اعظم

October 13, 2017

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک میں ترقی اسی وقت ہوگی جب جمہوریت ہوگی کیونکہ ٹیکنوکریٹ یا غیر جمہوری حکومت پاکستان کے مسائل حل نہیں کرسکتی۔

اٹک میں تیل اور گیس کے منصوبے جھنڈیال ون کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نےمزید کہا کہ منصوبے کا افتتاح بہتر مستقبل کی نوید ہے،4 سال میں تیل اور گیس کے ریکارڈ 103 منصوبے دریافت کیے گئے۔

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ہر شعبے کو اور ہر صارف کو 24گھنٹے گیس مل رہی ہے، نوازشریف نے ایسی پالیسیاں شروع کیں جنہیں ہم آگے بڑھا رہے ہیں۔

شاہد خاقان عباسی کہتے ہیں کہ جو کام مسلم لیگ ن کی حکومت کے چار سال میں کیے گئے ہیں وہ ماضی میں کبھی نہیں ہوئے،یہ وہ کامیابیاں ہیں جو الیکشن کی وجہ سے ملک حاصل کررہا ہے، عوام نے فیصلہ کیا اور اس کے ثمرات ان تک پہنچ رہے ہیں اور پہنچتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جو کام ہوئے وہ معمولی نہیں، 1999ء سے لے کر 2013ء تک کسی بھی شعبے کے کام ایک طرف رکھیں اور ہمارے چار سال کے کام دیکھیں وہ 15 سال کے عرصے پر بھاری ملیں گے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ملک میں ترقی صرف اس وقت ممکن ہوگی جب جمہوریت پروان چڑھے گی کیونکہ جمہوریت مضبوط ہوگی تب ہی ملک ترقی کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج جمہوریت کو مضبوط کرنا ہے اور آئندہ الیکشن میں حصہ لے کر فیصلہ کرنا ہے، جو کچھ اس حکومت نے کیا وہ عوام کے سامنے ہے، جب سے پاکستان بنا 20 ہزار میگا واٹ بجلی بنی لیکن ان 4سالوں میں 10ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی سسٹم میں داخل ہوچکی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ کوئی معمولی کامیابیاں نہیں، اس عرصے میں مشکلات بھی آئیں جنہیں عبور کیا اور ترقی کے راستے پر بڑھے، ابھی بھی چیلنجز ہیں جن کا مقابلہ کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کو ایسا ملک بنائیں گے جو ترقی کرے، مہنگائی کم ہو اور عوام کےمسائل کم ہوں، یہی ہمارا مینڈیٹ ہے جس پر فیصلہ اب عوام کو کرنا ہے۔

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا یہ بھی کہنا ہے کہ فیصلہ عوام کو کرنا ہے اور عوام اگست 2018ء میں فیصلہ کریں گے۔