کبھی کراچی نہیں گیا، خواتین پر حملے کے ملزم وسیم کا بیان

October 16, 2017

کراچی میں خواتین پر حملہ کرنے والے چھرا مار ملزم کی گتھی اب تک نہیں سلجھ سکی،خواتین پر حملوں کے الزام میں گرفتار ملزم وسیم نے کہا ہے کہ وہ زندگی میں کبھی کراچی گیا ہی نہیں۔

کیا پکڑا جانے والا وسیم ہی کراچی میں خواتین پر تیز دھار آلے سے حملوں کا اصل ملزم ہے، ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی، تحقیقات میں کیا بات سامنے آئی ہے یہ پتہ چل نہ سکا۔

گزشتہ روز ملزم وسیم کو منڈی بہاؤالدین سے گرفتار کیا گیا تھا، وسیم کا پنجاب میں مقدمات کی تصدیق کے بعد ریمانڈ حاصل کیا جائے گا پھر دو سے تین روز میں اسے کراچی منتقل کیا جائے گا۔

ملزم وسیم سے سی آئی اے پولیس کی تفتیش جاری ہے جس میں اہم انکشافات کا امکان ہے۔

دوران تفتیش ملزم وسیم نے اپنے ابتدائی بیان میں کہا ہے کہ میں زندگی میں کبھی کراچی میں نہیں گیا۔

ملزم وسیم پر ساہیوال میں خواتین پر حملوں کے 31 الزامات ہیں،اس سے پہلے وہ 8ماہ کی جیل کاٹ چکا ہے،تقریباً ڈیڑھ ماہ پہلے اسے ضمانت پر رہائی ملی تھی۔

ملزم وسیم کی گرفتاری سندھ پولیس کی جانب سے شبہے کے اظہار پر عمل میں آئی۔

ساہیوال میں خواتین پر حملےکے ملزم وسیم کے بارے میں سندھ پولیس کو شبہ ہے کہ اسی نے کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں وارداتیں کیں۔

دوسری جانب تحقیقاتی ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور پولیس حال ہی میں ہوئے 2 واقعات میں وسیم کو گرفتار کرنا چاہتی ہے، دونوں واقعات لاہور کے علاقے چوہنگ میں ہوئے تھے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پولیس کی پہلی ترجیح وسیم کو کراچی منتقل کرنا ہے، لاہور پولیس وسیم کو اپنے مقدمات میں گرفتارکرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

ذرائع نے یہ بھی کہا کہ کراچی منتقل کرکے ہی اس سے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کیا جاسکے گا، وسیم کو کراچی منتقل کرنے میں اب کئی روز لگ سکتے ہیں۔