ڈاکٹر امتیاز الحسن قادری کی نماز جنازہ برمنگھم میں ادا کردی گئی

October 17, 2017

برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی/ابرار مغل) آستانہ عالیہ حضرت سخی سلطان باہو کے چشم و چراغ، سجادہ نشین صاحبزادہ سلطان فیاض الحسن قادری اور صاحبزادہ پیر سلطان نیاز الحسن قادری کے چھوٹے بھائی ڈاکٹر صاحبزادہ امتیاز الحسن قادری کی نماز جنازہ مرکزی جامع مسجد حضرت سخی سلطان باہو ٹرسٹ میں ادا کی گئی۔ ان کے جسدخاکی کو پاکستان میں سپردخاک کیا جائے گا۔ میت پاکستان روانہ کردی گئی جہاں ان کی اپنے والد کے پہلو میںکل شام چار بجے نماز جنازہ کے بعد تدفین ہوگی۔مرحوم ڈاکٹر امتیاز الحسن قادری جامع حضرت سخی سلطان باہو ٹرسٹ کے مختلف تعلیمی اداروں کے سربراہ بھی تھے۔ ان کی نماز جنازہ ان کے بھتیجے نے کی ادا کی۔ جبکہ برمنگھم برطانیہ بھر سے ہزاروں کی تعداد میں لوگوں سمیت دینی و مذہبی حلقوں، سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کے بعد مفتی گل رحمن قادری اور صاحبزادہ پیر نورالعارفین صدیقی نے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کروائی۔ اس موقع پر علامہ سید ظفر اللہ نے نظامت کے فرائض سرانجام دیے۔ نماز جنازہ میں برطانیہ بھر سے آئے علما و مشائخ نے مرحوم ڈاکٹر امتیاز الحسن قادری کی خدمات اور کارناموں کو خراج تحسین پیش کیا۔ صاحبزادہ پیر فیاض الحسن قادری نے کہا کہ مرحوم میرے دست بازو ہونے کے ساتھ ایک مخلص اور محنتی انسان تھے۔ مرحوم میں خدمت خلق اور دینی کاموں کا بے پناہ جذبہ تھا۔ انہوں نے پاکستان میں فری ہسپتال کی بنیاد رکھ کر ایسا کارنامہ سرانجام دیا جو قیامت تک ان کیلئے باعث ثواب رہے گا نماز جنازہ میں شرکت کرنے والوںمیں پیر عبداللہ عتیق نقشبندی، مفتی منور عتیق، قاضی عبدالعزیز چشتی، صاحبزادہ محمد رفیق چشتی سیالوی، صوفی خلیفہ صفدر حسین ہارونی، پیرطیب الرحمٰن قادری، حافظ عنایت، صوفی جاوید اختر، راجہ سلیم اختر، ملک فتح حسین، چوہدری عارف، حافظ عبدالقدوس ہاشمی، پیر ثاقب شامی، خلیفہ حبیب جامی، چوہدری خالق، راجہ جاوید اقبال، حاجی اشرف، راجہ اشتیاق، واجد برکی ودیگر شامل تھے۔