امام زین العابدین حضرت حسینؓ کی سیرت و کردار کا نمونہ تھے، علامہ کاشف

October 17, 2017

لندن (پ ر) جامع مسجد اسلامک سینٹر سائوتھ آل لندن کے زیر اہتمام جمعیت علماء جموں و کشمیر برطانیہ کے چیف آرگنائزر اور اسلامک سینٹر سائوتھ آل لندن کے خطیب قاری محمد امین چشتی السعیدی کی زیر نگرانی سالانہ عظیم الشان تقریب بسلسلہ شہادت حضرت سیدنا امام زین العابدین علیہ السلام منعقد ہوئی جس میں کثیر تعداد میں مرد و خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی حضرت علامہ کاشف احمد چشتی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت سیدنا امام زین العابدین کثرتِعبادت خشوع و خضوع اور خوفِ الٰہی کی وجہ سے زین العابدین کے لقب سے مشہور ہوئے جبکہ آپ کا نام علی بن حسین تھا۔ آپ اپنے والد سیدنا حضرت امام حسینؓکی سیرت و کردار کا مکمل نمونہ تھے۔ سارا واقعۂکربلا اپنے آنکھوں کے سامنے دیکھا مگر پوری زندگی پیکر استقامت بن کر گزاری۔ خواجہ محمد آصف نے منقبت پیش کی، محمد عاطف علی قادری نے اپنے انگلش خطاب میں سیدنا امام زین العابدین کی سیرت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ قاری محمد امین چشتی السعیدی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت سیدنا امام زینؑ العابدینؑ علم و معرفت میں حد درجہ کمال رکھتے تھے آپ نے اپنی حیات کا مقصد عبادتِالٰہی اور اطاعت خداوندی ہی سمجھا اور اس مقصدحیات پر ہمیشہ عمل پیرا رہے آپ نے اپنے عمل سے ثابت کیا کہ آپ واقعیایک عظیم اور صابر خاندان کے چشم و چراغ ہیں۔ تقریب کے آخر میں لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔ تقریب کا اختتام درود و سلام اور دعا پر ہوا۔ تقریب میں علامہ کاشف احمد چشتی، مولانا حافظ عثمان، حافظ محمد عرفان، صدیق خواجہ، محمد آصف، حاجی محمد خلیل، محمد عاطف قادری اور سعید علی نے شرکت کی۔