سندھ کے لوگ اختلاف کو دشمنی میں تبدیل نہ کریں،مصطفیٰ کمال

October 17, 2017

نوابشاہ(بیورورپورٹ)پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے کہا ہے کہ سندھ کے لوگ جس پارٹی کو چاہیں ووٹ دیں یہ انکا حق ہے اختلاف ضرور رکھیں لیکن اسے دشمنی میں تبدیل نہ کیا جائے۔ہمیں ساتھ ملکر رہنے کا سلیقہ سیکھنا ہو گا۔نفرتوں کودلوں سے نکالنا ہو گا۔ہم نفرتوں کو ختم کرنے نکلے ہیں۔پی ایس پی آئندہ الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی لیکن ایم کیو ایم سمیت کسی جماعت سے سیاسی اتحاد نہیں کیا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے انیس قائمخانی اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ نوابشاہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ بانی متحدہ وقت کا فرعون ہے، بانی متحدہ نے30 سال میں نفرت کے بیج بوئے۔وہ رات کو نشے میں سندھ کو علیحدہ کرنے کا بیان دیتے اور صبح بھول جاتے، ان بیانات سے ہمارے لوگوں نے بہت پریشانیوں کا سامنا کیا ۔مصطفی کمال نے کہا کہ سندھ میں پانچ سو افراد لاپتہ ہیں جن میں286 افراد کے اہل خانہ نے ان سے رابطہ کیا ہے۔ کوئی کتنا بڑا ہی مجرم کیوں نہ ہو اسے عدالتوں میں پیش کیا جانا چاہئے۔