پرائیڈ آف ڈیموکریسی کے وفد نے یورپین پارلیمنٹ کا دورہ کیا

October 17, 2017

پرائیڈ آف ڈیموکریسی انٹرنیشنل کے ایک وفد نے چیئرمین عمر میمن کی قیادت میں یورپین پارلیمنٹ کا دورہ کیا اور اراکین پارلیمنٹ سے ملاقات کی اور اپنی تنظیم کے اغراض و مقاصد بیان کئے۔

وفد کے دیگر اراکین میں پی او ڈی کے صدر ریاض خان، سیکرٹری جنرل سیف اللہ سیفی اور کوآرڈینیٹر برائے یورپ ملک محمد اجمل شامل تھے ۔

وفد نے اپنے دورئہ پارلیمنٹ کے دوران سائوتھ ایشین ڈیلی گیشن کی چیئر پرسن جین لیم برٹ ایم ای پی ، پان امیریکن ڈیلی گیشن اور پاکستان میںانتخابات کے یورپین آبزرور وفد کے سربراہ مائکل گاہلر ایم ای پی، اور پارلیمنٹ میں فرینڈز آف پاکستان گروپ کے چیئرمین سجاد کریم ایم ای پی سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں ۔

وفد نے اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ پی او ڈی کے زیراہتمام پارلیمنٹ میں پہلے بین الاقوامی سیمینار کے انعقاد کے سلسلے میں خصوصی تبادلہ خیال کیا، جس پر ارکان پارلیمنٹ نے انہیں اپنے تعاون کا یقین دلایا ۔

بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے پی او ڈی کے چیئرمین عمر میمن نے اپنی تنظیم کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ یہ ایک آزاد اور غیر جانب دار فورم ہے جو اپنے پلیٹ فارم سے پاکستان سمیت دنیا کے دیگر ترقی پذیر ممالک کے عوام میں جمہوریت کی اہمیت اور اس کے فروغ و استحکام کے لئے آگاہی فراہم کرے گا۔

تنظیم کی جانب سے دنیا بھر میں جمہوری جدوجہد میں اہم کردار ادا کرنے والی شخصیات کو ہر سال " پرائیڈ آف ڈیموکریسی ایوارڈ " بھی پیش کیا جائے گا ۔