سیکرٹری تعلیم نے عوام کی سہولت کیلئے اختیارات نچلی سطح تک منتقل کر دیئے

October 18, 2017

کراچی (سید محمد عسکری/ اسٹاف رپورٹر) سیکرٹری اسکولز ایجوکیشن ڈاکٹر اقبال درانی نے اساتذہ اور ملازمین کی سہولت اور محکمہ کے کام کو آسان کرنے کیلئے اپنے اختیارات نچلی سطح تک تقسیم کردیئے ہیں جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے جس کے تحت اب گریڈ 16 اور17 گریڈ کے تبادلوں اور تقرریوں کا اختیاراسپیشل سیکرٹریز کو مل گیا ہے اوراب اسپیشل سیکرٹری اسکولز اور اسپیشل سیکرٹری اکیڈمک اینڈ ٹریننگ گریڈ 19 اور گریڈ 20 کے افسران کی 180 روز تک کی رخصت بھی منظور کرے گی۔ گریڈ 17 کے جی پی فنڈز، پرووڈنٹ فنڈ کو دیکھ سکیں گے اور 17 گریڈ کے افسران کو اظہار وجوہ کا نوٹس دے سکیں گے اسی طرح ایڈیشنل سیکرٹریز کو بھی اختیارات دے دیئے گئے ہیں جس کے تحت وہ منظور شدہ سمریز پر نوٹیفکیشن جاری کر سکیں گے۔ گریڈ ایک سے 18 تک کے افسران کی 80 روز تک کی رخصت منظور کر سکیں گے دیگر ملکوں میں 16 گریڈ تک کے بین الصوبائی تبادلوں اور ڈیپوٹیشن کے کیسز محکمہ خزانہ کو بھیجنے کے اختیارات بھی حاصل ہوں گے گریڈ 17 تک کے ملازمین کو حج عمرہ زیارت اور بیرون ملک رخصت پر بھیج سکیں گے گریڈ 17 تک کے ملازمین کے لئے تحقیقاتی کمیٹی قائم کرسکیں گے گریڈ 16 تک کے جی پی فنڈ پرووڈنٹ فنڈ کے معاملات کو دیکھیں گے اسکولوں کا دورہ کر کے طلبہ کی حاضری اور اساتذہ اور عملے کی کارکردگی کا جائزہ بھی لے سکیں گے۔ نوٹیفکیشن میں ڈپٹی سیکرٹری کو پاسپورٹ کےلئے این او سی کا اختیار دیا گیا ہے۔ اسپیشل سیکرٹری قانون کو عدالت عظمیٰ عالیہ ، سندھ سروسز ٹریبونل محتسب، نیب اور اینٹی کرپشن کے تمام معاملات تفویض کر دیئے گئے ہیں جبکہ وہ واپڈا اور کے الیکٹرک کے معاملات بھی دیکھ سکیں گے۔ ایڈیشنل سیکرٹری قانونی معاملات دیکھیں گے۔ واضح رہے کہ سابق سیکرٹری تعلیم عبدالعزیز عقیلی نے اختیارات اپنے پاس رکھے ہوئے تھے جس کی وجہ سے سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ عبدالعزیز عقیلی زیادہ تر واٹس ایپ پر دستیاب ہوتے تھے اور اسپیشل سکریٹریز کے پاس کام کم ہوتا تھا اور وہ سکریٹری کے احکامات کے منتظر رہتے تھےتاہم اب نئے سیکرٹری اسکولز ایجوکیشن ڈاکٹر اقبال درانی نے لوگوں کی سہولت کیلئے سیکرٹری کے اختیارات تقسیم کردیئے ہیں۔