کلفٹن کی کچی آ بادیوں میں الیکٹرک میٹر لگائے جائیں،جماعت اسلامی

October 18, 2017

جماعت اسلامی کی پبلک ایڈ کمیٹی ساؤتھ نے کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سی ای او طیب ترین کوخط تحریر کیا ہے جس میں کلفٹن کی کچی آبادیوں میں نئے میٹر نصب کرنے پر اصرار کیا گیا ہے۔

خط میں دہلی کالونی، پنجاب کالونی، نئی بستی، مدنی آباد و دیگر علاقوں میں بجلی کے نئے میٹر نہ دینے کی جانب توجہ دلائی گئی ہے جب کہ خط میں کہا گیا ہے کہ کے الیکٹرک کا عملہ بجلی کے نئے میٹر لگانے میں تاخیری حربے اختیار کررہا ہے جس کی وجہ سے ان علاقوں کے لوگ پریشان ہیں۔

پبلک ایڈ کمیٹی کے خط کے مطابق کے الیکٹرک حکام نے 9 سال بعد ان کچی آبادیوں میں میٹر دینے کا عمل شروع کیا اور تقریبا ایک ہزار نئے میٹر لگائے تاہم 19 جولائی 2017 کو کے الیکٹرک نے میٹروں کی تنصیب کا کام سیاسی جماعتوں کے دباؤ پر اچانک روک دیا اور تاحال نئے میٹرز نہیں لگائے جا رہے۔

میڈیا رپورٹس اور اخباری اطلاعات کے مطابق ان آبادیوں میں ایم این سی وی کے تحت ایل سی میٹر لگانے کا آغاز کیا گیا تھا، خط کے مطابق کے الیکٹرک بجلی کے میٹر فراہم نہ کرکے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کررہا ہے، آئین کے آرٹیکل 191 کی خلاف ورزی کا مرتکب ہورہا ہے۔

پبلک ایڈ کمیٹی نے بجلی کے نئے میٹر لگانے کا عمل شروع کرنے کے لئے کے الیکٹرک کے حکام کو ایک ہفتے کی مہلت دی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ عوام کو درپیش اس مسئلہ کا حل نکلناچاہئے ،بصورت دیگر متاثرہ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوسکتا ہے۔