پنجاب :مختلف شہروں میں 1لاکھ 12ہزار لٹر ناقص دودھ تلف

October 18, 2017

پنجاب فوڈ اتھارٹی کا ناقص دودھ کے خلاف صوبے بھر میں کریک ڈاؤن جاری ہے، مختلف شہروں میں ایک لاکھ بارہ ہزار لٹر ناقص دودھ تلف کردیا گیا۔

فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ پیسچرائزیشن پلانٹ لگانےکےبعد کھلے دودھ کی فروخت پر مکمل بند کردی جائے گی۔

فوڈ اتھارٹی حکام نےپنجاب بھر کے 36اضلاع کی 140تحصیلوں میں بیک وقت کاروائی کی۔

لاہور میں34ہزار، راولپنڈی میں 29 ہزار، ملتان میں24، گوجرانوالہ میں9 ہزار جبکہ فیصل آبادمیں16ہزار لیٹر ناقص دودھ تلف کیا گیا۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل کے مطابق دودھ میں ملاوٹ کے تمام ٹیسٹ موقع پر کئے گئے،تلف کیے جانے والے دودھ میں گاڑھا کرنے والا کیمیکل، یوریا، فارمالین اور دیگر کیمیکلز شامل تھے ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دودھ کے مسائل کا مستقل حل کھلے دودھ پر پابندی اور پیسچرائزیشن ہے، حکومت پنجاب کے تعاون سے پیسچرائزیشن پلانٹ لگانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، جس کےبعد پانچ سال کے اندر کھلے دودھ کی فروخت بند کردی جائےگی۔