قطری بینکوں نے غیرملکیوں کو ڈالر کی فروخت کم کردی،بلومبرگ

October 19, 2017

دوحا (اے پی پی) قطر کے متعدد بینکوں نے اپنے غیرملکی صارفین اور سرمایہ کاروں کو ڈالر کی فروخت کم کردی ہے۔عرب خبررساں ادارے کے مطابق اس بات کا انکشاف بلومبرگ نے اپنی ایک نئی رپورٹ میں کیا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ مقامی اور بین الاقوامی بینکوں کے درمیان غیرملکی کرنسی میں لین دین میں کمی آئی ہے۔البتہ قطر کا مرکزی بینک ابھی تک مقامی کاروباری ضروریات کو پورا کرنے کے لیے سرمایہ کاروں اور صارفین کو ڈالر مہیا کررہا ہے اور اس کی شرح تبادلہ 3.64 ریال فی ڈالر ہے۔بلومبرگ کے فراہم کردہ اعداد وشمار کے مطابق حالیہ دنوں میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں ریال کی قیمت میں بھی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور پیرکو ایک ڈالر کے مقابلے میں قطری ریال کی قیمت 3.80 تھی۔یہ اس کی 1988 کے بعد ڈالر کے مقابلے میں کم ترین قدر ہے۔قطر میں غیرملکی بینک اپنے مقامی صارفین کی درآمدات اور بعض تجارتی سرگرمیوں کے لیے ڈالر کی ضرورت کو پورا کرنے کی غرض سے آف شور مارکیٹ سے بھاری قیمت میں اس کرنسی کو خرید کررہے ہیں اور وہ اس اضافی قیمت کا بوجھ یقینی طور پر اپنے صارفین ہی پر منتقل کریں گے۔