قائداعظم یونیورسٹی اسٹاف ایسوسی ایشن نے وائس چانسلر کو ہٹانے کا مطالبہ کر دیا

October 20, 2017

اسلام آباد (نمائندہ جنگ)قائداعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر کیخلاف طلبہ کے بعد سٹاف ایسوسی ایشن بھی میدان میں آگئی ہے، نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر کو ہٹانے کا مطالبہ کر دیا اورالزام لگایا کہ وی سی خود مسئلے کا حل نہیں چاہتے اپنی من مانی سے انتظامات چلانا چاہتے ہیں ،وہ ہنگامی صورتحال کو اپنے حق میں استعمال کر رہے ہیں۔ صدر اور وزیر اعظم یونیورسٹی معاملے کا نوٹس لیں ،احتجاج طلبہ کا بنیادی حق ہے ،انکے مطالبات بنیادی حقوق پر مبنی ہیں،یونیورسٹی اکیڈمک سٹاف کے صدر ڈاکٹر اشتیاق احمد نے کہا کہ بابائے قوم کے نام سے بنائے گئے یونیورسٹی میں ایسے حالات شرم کی بات ہے، موجودہ حالات کی ذمہ دار انتظامیہ ہے۔ وی سی کی غیر ذمہ داری سے یونیورسٹی ہاسٹل بن گئی ہے،غریب بچوں کے پاس اتنے پیسے نہیں کہ قائد اعظم یونیورسٹی میں داخلہ لے سکیں۔ فکلٹی ممبران نے میٹنگ کرکے وی سی سے استعفی مانگا، وائس چانسلر کبھی زمین بیچنے کی بات کرتے ہیں، اگر ادارے کو بچانا ہے تو وائس چانسلر سے استعفی لینا ہوگا، کاش وی سی کو اپنی کرسی سے زیادہ یونیورسٹی کا فکر ہوتا،سترہ دنوں سے جاری دھرنا ہماری مجبوری بن گئی، نہیں چاہتے ہمارے بچوں پر لاٹھیاں برسیں ، صدر پاکستان سے اپیل کرتے ہیں کہ ادارے کو بچایاجائے، طلبہ کے ساتھ بھی یونیورسٹی رولز کے ساتھ نمٹایا جائے۔ یونیورسٹی کی باونڈری وال نہیں وہاں غیر مقیم لوگ رہتے ہیں انکو یونیورسٹی کا نام نہ دیا جائے۔ یونیورسٹی میں 14ہزار طلباء ہیں 50 خراب ہونگے۔ طلبہ کی غیر قانونی سرگرمیوں کی حمایت نہیں کرتے۔