پاکستان کے سرحدی علاقے دہشتگردوں سے خالی ہو چکے، اعزاز چوہدری

October 20, 2017

نیویارک(صباح نیوز) امریکا میں پاکستانی سفیراعزازچوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں امن واستحکام کو اپنے مفاد میں ضروری سمجھتا ہے،پاکستان کے سرحدی علاقے تمام دہشت گرد گروپوں سے خالی ہو چکے ہیں۔گزشتہ روز پاکستانی سفیرنے نیویارک میں سینیٹرالیزابیتھ وارن سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران اعزازچوہدری نےسینیٹر کو پاکستان کی دہشت گردی کیخلاف کامیابیوں سے آگاہ کیا۔ملاقات میں اعزاز چوہدری نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن واستحکام کو اپنے مفاد میں ضروری سمجھتا ہے، پاکستان کے سرحدی علاقے تمام دہشت گرد گروپوں سے خالی ہو چکے ہیں ، پاکستان نے دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز آپریشن شروع کررکھا ہے اورافغانستان میں امن و استحکام افغانوں کی اپنی قیادت میں سیاسی عمل سے ہی ممکن ہے۔اعزازچوہدری نے کہا کہ پاکستان سرحد ی انتظام کومزید بہترکرنے کیلئے افغانستان سے مل کرکام کرنے کوتیارہے جب کہ سینیٹرالیزابیتھ وارن نے پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں کی تعریف کی۔