کراچی میں لڑکی کے اغوا کی کوشش ناکام، 4 گرفتار

October 21, 2017

اورنگی ٹاؤن میں لڑکی کو اغوا کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی اور 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق گزشتہ رات کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں 5 اغواکاروں نے 25 سالہ لڑکی کو اغوا کرنے کی کوشش کی۔

پولیس کا کہنا ہےکہ 5 اغوا کار لڑکی کو ایمبولینس میں اغوا کرنے آئے تو لڑکی کی مزاحمت کے دوران شور شرابے پر اہل علاقہ جمع ہوگئے جس پر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔

پولیس کے مطابق پولیس کو دیکھ کر ایک اغوا کار فرار ہوگیا جب کہ اس کے چار ساتھیوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ گرفتار کیے جانے والے 4 اغوا کاروں میں سے 3 کا تعلق دھابے جی اور 2 کا کراچی سے ہے جب کہ ایک ملزم سیاسی جماعت سے بھی وابستہ ہے۔

واضح رہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں گزشتہ ماہ سے خواتین پر تیز دھار آلے سے وار کیے جارہے ہیں اور پولیس اب تک ملزم کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔