اساتذہ کو ان کا جائز مقام ملنا چاہیے،ڈاکٹرسروش لودھی

October 23, 2017

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ پروفیسر اینڈ لیکچرار ایسو سی ایشن کراچی ریجن کے زیرِ اہتمام گورنمنٹ رعنا لیاقت علی خان ہوم اکنامکس کالج میں یومِ سلام ٹیچرز کی مناسبت سے ایک تقریب منعقد کی گئی، جس کی صدارت سیکرٹری کالج ایجو کیشن ڈاکٹر پرویز احمد سیہڑ نے کی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جامعہ این ای ڈی کے وائس چانسلر ڈاکٹرپروفیسرسروش لودھی نے کہا کہ اساتذہ کو ان کا جائز مقام ملنا چاہیے ، کوئی بھی معاشرہ اساتذہ کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا۔ڈاکٹر پروفیسر ناصر انصار نے اپنے خطاب میں کہا کہ مجھے اپنے آپ کو استاد کہلانے پر فخر محسوس ہوتا ہے استاد کو جائز مقام دلانے میں ہم سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ سپلا کے مرکزی صدر پروفیسر فیروزالدین صدیقی نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سپلا نے ہمیشہ اساتذہ کے تقدس اور ان کے حقوق کے لیے جدو جہد کی ہے۔