مجاہد اور ارم کے الزام بے بنیاد ہیں،ایم کیو ایم ترجمان

October 23, 2017

کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ترجمان نے نظم و ضبط کی سنگین خلاف ورزی اورغیر تنظیمی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے باعث ایم کیوایم پاکستان سے خارج کئے گئے رکن قومی اسمبلی سلمان مجاہدبلوچ اور رکن سندھ اسمبلی ارم عظیم فاروقی کے بے بنیاد اور بے ہودہ الزامات کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ مفاد پرستی کی سیاست کرنے والے اپنے گریبانوں میں جھانکیں اور شرم کریں۔ ترجمان ایم کیو ایم نے کہا کہ سلمان مجاہد بلوچ اور ارم عظیم فاروقی جو بے سروپا الزامات عائد کررہے ہیں ان میں اگر زرہ برابر بھی سچائی ہوتی تو ایم کیوایم پاکستان کا شیرازہ بکھر چکا ہوتا ۔ ترجمان ایم کیوایم پاکستان نے کہا کہ سلمان مجاہد بلوچ اور ارم عظیم فاروقی ان قوتوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں جو ایم کیوایم پاکستان کے 23اگست2016ء کے اقدام کے مخالف ہیں اور ایم کیو ایم پاکستان کو 22اگست 2016ء کے پاکستان مخالف نعرے سے بلاجواز جوڑنے کا گھنائونا عمل کررہے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ سلمان مجاہد بلوچ ایم کیوایم پاکستان پر لندن سے رابطے کا جو بے بنیاد الزام لگا رہے ہیں یہ الزام خود ان کے الزام کی نفی اس لئے کررہا ہے کہ اگر ایم کیوایم پاکستان کے رابطے لندن سے ہوتے تو سلمان مجاہد بلوچ اور ارم عظیم فاروقی انحراف کی جرات نہیں کرسکتے تھے ۔