چین میں بوئنگ 747کے دو طیار وں کی آن لائن فروخت

November 22, 2017

کپڑوں،جوتوں اور الیکٹرونک اشیاء کے بعد اب جہاز وں کی بھی آن لائن فروخت،چین کی آن لائن شاپنگ ویب سائٹ نے دو جمبو جیٹ طیارے فروخت کردیئے۔

یوں تو دنیا بھر میں آن لائن شاپنگ کا تصور انتہائی تیزی کے ساتھ فروغ پارہا ہے لیکن کپڑوں،جوتوں اور الیکٹرونک اشیاء کے بعد اب طیارے بھی آن لائن فروخت ہونے لگے ہیں۔

چین کی ایک آن لائن شاپنگ ویب سائٹ نے حال ہی میں دو جمبو جیٹ طیارے فروخت کردیئے ،تاؤ باؤ نامی مشہور شاپنگ ویب سائٹ نے یہ دونوں بوئنگ 747طیارے 48ملین امریکی ڈالر میں ایک چینی ایئرلائن کو فروخت کردیئے ۔

فروخت کئے جانے والے یہ طیارے کارگو کمپنی کی ملکیت تھے جس کے دیوالیہ پن کے بعد انہیں چین کی عدالت کے حکم پر ضبط کرلیا گیا تھا جبکہ انہیں اس سے قبل 6مرتبہ آف لائن نیلامی کیلئے بھی پیش کیا جاچکا ہے ۔