انتہا پسندی کیخلاف ملک گیر مہم کاآغازکردیا،طاہر محموداشرفی

December 04, 2017

لاہور(نمائندہ جنگ)انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے خلاف ملک گیر مہم کا آغاز کر دیا ہے ، پاکستان سے متصل افغان علاقوں میں داعش کے کیمپ قائم کیے جا رہے ہیں ، پاکستان کے خلاف سازشوں میں ہندوستانی را اور افغان خفیہ ادارے ملوث ہیں ، امریکی سفارت خانہ کو بیت المقدس منتقل کرنا عالمی امن کیلئے خطرناک ہو گا ، یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے علماء و مشائخ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر مولانا محمد ایوب صفدر ، مولانا عبد الحمید وٹو ، مولانا عبد الحمید صابری ، مولانا طاہر عقیل اعوان ، مولانا نعمان حاشر ، مولانا حفیظ الرحمن ، مولانا قاری ممتاز ربانی ، مولانا نائب خان ، مولانا محمد اشفاق پتافی نے بھی خطاب کیا، حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ انتہاء پسندی اور دہشت گردی عالمی مسئلہ ہے جس کے حل کیلئے عالمی قوتوں اور اسلامی ممالک کو بھر پور جدوجہد کرنی ہو گی ، انہوں نے کہا کہ عالمی اسلامی عسکری اتحاد درست سمت قدم ہے ، عالمی اسلامی عسکری اتحاد کو ہر قسم کی فرقہ واریت اور تعصب سے بالا تر ہو کر عالم اسلام کے مسائل کو حل کرنا ہو گا، انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل 12 ربیع الاول سے انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے خلاف ملک گیر مہم کا آغاز کر چکی ہے ، مدارس ، مساجد ، سکولز اور کالجز اور عوامی سطح پر کانفرنسز ، سیمینارز اور اجتماعات منعقد کر کے عوام الناس کی ذہنی اور فکری رہنمائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم توقع کرتے ہیں کہ سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ان کے ولی عہد امیر محمد بن سلمان اس سلسلہ میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے ۔