ن لیگ نےپیپلزپارٹی کی حکومت کے قرضے اتارے،دانیال عزیز

December 07, 2017

کراچی(ٹی وی رپورٹ)وفاقی وزیر برائے نجکاری دانیال عزیز نے کہا ہے کہ زاہد حامد نے رضاکارانہ طورپراستعفیٰ دیا،قبل ازوقت انتخابات ممکن نہیں،صرف کہنے کی بات ہے،ن لیگ نے پہلے دو سال پی پی حکومت کے قرضے اتارے، پیپلز پارٹی کے پاس کوئی معاشی پالیسی نہیں ہے، آصف زرداری شاید شرجیل میمن سے ناراض ہیں،جسٹس باقر نجفی کمیشن رپورٹ پنجاب حکومت نے نہیں روکی تھی۔وہ جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری اور سینئر تجزیہ کار امتیاز گل بھی شریک تھے۔شازیہ مری نے کہا کہ پیپلز پارٹی واحد جماعت جس نے جمہوری نظام بچانے کیلئے خون کا نذرانہ پیش کیا، اداروں سے ہمارا شکوہ جائز ہے کہ ای سی ایل کا معیار کیا ہے،ماڈل ٹاؤن جیسا سانحہ کوئٹہ یا کراچی میں ہوتا تو حکومت ہل چکی ہوتی لیکن پنجاب میں کسی کا احتساب نظر نہیں آرہا۔طاہر القادری کسی کی شہ پر آتے ہیں اور آگ لگا کر چلے جاتے ہیں۔میزبان حامد میر نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نفرتوں کی آگ واشنگٹن سے اسلام آباد اور کابل کی طرف بڑھتی جارہی ہے،ٹرمپ نے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرلیا تو امریکا کو عالمی امن کیلئے خطرہ سمجھنے والوں کا موقف صحیح ثابت ہوجائےگا،ایسا لگتا ہے کہ ٹرمپ ایسا کر کے نیا اسامہ بن لادن پیدا کرنا چاہتے ہیں ،پاکستان کی سیاست میں بھی کچھ منی ڈونلڈ ٹرمپ نظر آرہے ہیں،کبھی کبھی وہ بھی نفرتیں پھیلاتے ہیں۔وفاقی وزیر نجکاری دانیال عزیز نے کہا کہ قبل از وقت انتخابات ممکن نہیں صرف کہنے کی بات ہے،آصف زرداری کو پتا نہیں کون معاشی اعداد و شمار دے رہا ہے، ن لیگی حکومت نے پہلے دو سال پی پی حکومت کے قرضے اتارے، پیپلز پارٹی نے اپنے دور میں ملکی معیشت تباہ کردی تھی،پیپلز پارٹی کے پاس کوئی معاشی پالیسی یا ماہر معیشت نہیں ہے، یہ اتنے کھوکھلے ہیں کہ معاشی پالیسی بنانے کیلئے ن لیگ سے سہارا لیتے رہے ہیں۔دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ بلوچستان کو قومی دھارے میں لانے کیلئے اکثریت کے باوجود اتحادیوں کو حکومت دی، ن لیگ چاہتی تو خیبرپختونخوا میں اتحادی حکومت بنتی اور پی ٹی آئی اپوزیشن میں ہوتی، پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ آئی ایم ایف کا پروگرام پورا کیا، ہمارے دورِ حکومت میں مہنگائی کی شرح تاریخ میں سب سے کم رہی ہے، معاشی کامیابیوں کا کریڈ ٹ اسحاق ڈار کی مینجمنٹ کو جاتا ہے۔ دانیال عزیز نے کہا کہ آصف زرداری شاید شرجیل میمن سے ناراض ہیں، آصف زرداری جب سے اینٹ سے اینٹ لگانا شروع ہوئے تو ان کے کیس کے عدالت سے کاغذات غائب ہوگئے، شرجیل میمن کیلئے کچھ کرنے کی بھی آصف زرداری سے درخواست کی جائے ۔ دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ جسٹس باقر نجفی کمیشن رپورٹ پنجاب حکومت نے نہیں روکی تھی ، عدالت نے یہ رپورٹ خفیہ رکھی تھی اب عدلیہ نے ہی اسے اوپن کردیا، ماڈل ٹاؤن کمیشن کی رپورٹ میں مکمل کنفیوژن ہے، پی اے ٹی والے وارداتیے اور تخریب کار ہیں،سیاسی جماعت نہیں ہیں، رحیق عباسی نجی ٹی وی کے پروگرام میں اپنی جماعت کا انتخابی نشان تک نہیں بتاسکے، طاہر القادری اسلام آباد کی حدود میں آئیں جہاں ان پر پرچہ ہوا ہے ۔ دانیال عزیز نے کہا کہ زاہد حامد نے رضاکارانہ طور پر استعفیٰ دیا۔شازیہ مری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے دھرنوں کے دور ا ن جمہوریت کے استحکام کیلئے ن لیگ کی مدد کی، دھرنوں میں خود کو بچانے کیلئے مدد مانگنے والی ن لیگ کو آج پیپلز پارٹی کھوکھلی نظر آرہی ہے، پیپلز پارٹی واحد جماعت جس نے جمہوری نظام بچانے کیلئے خون کا نذرانہ پیش کیا، پیپلز پارٹی کو بینکر وزیراعظم نہیں رکھنا کیونکہ انہوں نے اس ملک کو جو دیا ہم نے دیکھا ہے، معیشت کا حال عوام، بیروز گا ر ی، مہنگائی اورلوڈشیڈنگ بتاتی ہے، سندھ میں اٹھارہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے۔