جرمن پاکستان چیمبرآف کامرس کا قیام، خوش آئند

December 08, 2017

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ان کی حکومت سندھ کے لوگوں کو صاف پانی کی فراہمی کےلیے کوشاں ہے اور اس حوالے سے جرمنی کی کمپنیاں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔

انہوں نے یہ بات جرمن پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے پروگرام جس کا اہتمام جرمن قونصلیٹ نے کیاتھا، اس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہاکہ یہ ایک خوش آئند بات ہے کہ جرمنی اور پاکستان جی پی سی سی آئی (جرمن پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری) قائم کرنے پرآمادہ ہوئے ہیں جس کے ہیڈ کوارٹرز کراچی اور برانچیں پنجاب اور اسلام آباد میں ہوں گی۔

انہوں نے کہاکہ میرے خیال میں باہمی روابط میں فروغ کے حوالے سے یہ پہلا یورپین چیمبرہوگا۔

انہوں نے کہا کہ یہ جان کر بہت خوشی ہوئی ہے کہ جی پی سی سی آئی (جرمن پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری) محکمہ قانون کے ساتھ مل کر خواتین، بچوں اور اقلیتوں سے متعلق مسائل کے حل کے لیے کام کررہاہے اور ان کی توجہ مختلف منصوبوں پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ جی پلس پروٹوکول سپورٹ برائے ٹیکسٹائل کی یورپین یونین کو برآمد کے حوالے سے مختلف چیپٹرز پر عمل درآمد پر توجہ دے رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی میں جرمن انڈسٹریل زون ایک اچھا آئیڈیا ہے۔ قبل ازیں وزیر اعلیٰ سندھ کا جرمن قونصلیٹ پہنچنے پر جرمنی کے قونصل جنرل رینر سیمائی ڈے ہن اور جی پی سی سی آئی کے صدر قاضی ساجد علی نے استقبال کیا۔