گوگل کے روبوٹ نے چارگھنٹوں میں شطرنج سیکھ لی

December 08, 2017

گوگل کے جدید ترین اور مصنوعی ذہانت کے حامل روبوٹ ’’الفا زیرو‘‘، جسے سُپر ہیومن کا نام بھی دیا گیا ہے، اس نے حیران کن انداز سے صرف 4گھنٹوں میں شطرنج کا کھیل سیکھ کر دنیا میں شطرنج کے بہترین کمپیوٹرز کھلاڑیوں کو مات دے دی۔

الفا زیرو نے مجموعی طور پر مخالف کمپیوٹر سسٹم ’’اسٹاک فش ایٹ‘‘ کے ساتھ 100 گیمز کھیلے اور ان میں سے 28؍ گیمز میں کامیابی حاصل کی جبکہ باقی گیمز کا نتیجہ برابر رہا۔

اسٹاک فش ایٹ 2008ء میں جاری کیا گیا تھا اور 2016ء میں ہونے والے شطرنج کے روبوٹ مقابلوں میں اس نے پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔

الفا زیرو کے ابتدائی ورژن الفا گو کو بھی بہترین سسٹم قرار دیا گیا تھا۔ اس نے چینی بورڈ گیم GO کے بہترین انسانی کھلاڑیوں کو شکست سے دوچار کیا تھا۔

گوگل کے ڈیپ مائنڈ ڈویژن کی جانب سے لندن میں جاری کردہ نتائج نے ماہرین کو حیرت میں مبتلا کر دیا ہے۔

پروجیکٹ کے حوالے سے تحقیقی مقالہ لکھتے ہوئے گوگل کے مصنفین کا کہنا ہےکہ الفا زیرو نے صرف 24گھنٹوں میں شطرنج کے کھیل میں انسانوں جتنی مہارت حاصل کرلی ا س لئے اسے سُپر ہیومن بھی کہا گیا ہے۔